نئی دہلی 23 جنوری (ایس او نیوز) تاریخی بابری مسجد والی جگہ پر تعمیر رام مندر کا آج پیر کو وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا۔
رام مندر میں رام للا کی مورتی کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ رام مندر کے افتتاح کے ساتھ ہی نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ ملک غلامی کی ذہنیت کو توڑ کر آگے بڑھ رہا ہے۔ہماری عبادت میں کچھ کمی رہ گئی ہوگی کہ ہم اتنی صدیوں تک یہ کام نہیں کر پائے۔ اس کے لیے میں رام للا سے معافی مانگتا ہوں اور مجھے بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں معاف کر دیں گے۔ ہندوستان کی عدلیہ کا بھی شکریہ کہ اس عظیم الشان رام مندر کے لیے راستہ ہموار کیا۔ میں نے اپنے انوشٹھان (پوجا سے قبل کا عمل) کے دوران ان مقامات کی زیارت کی جہاں رام گئے تھے۔ رام کی داستان بے پناہ ہے اور رامائن کا کوئی اختتام نہیں ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ یہ موقع فتح کا نہیں، انکساری کا بھی ہے۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ رام مندر بنے گا تو آگ لگ جائے گی، لیکن وہ لوگ ہندوستانی سماج کی خیر سگالی اور صبر کو نہیں جانتے تھے۔ رام آتش نہیں، توانائی ہے۔ رام صرف ہمارے نہیں، سب کے ہیں۔ رام تنازعہ نہیں، حل ہیں۔
یاد رہے کہ چھ دن تک جاری رہنے والی رسومات کے بعد پیر کو رام مندر کا افتتاحی پروگرام شروع ہوا۔ کئی ملکی اور غیر ملکی مہمان افتتاحی تقریبات میں موجود تھے۔ پی ایم مودی اور موہن بھاگوت نے افتتاح کی رسومات کا آغاز کیا اور پوجا میں یہ دونوں نمایاں طور پر نظر آئے۔ وہیں اس تقریب میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کی شروعات پر ہیلی کاپٹر سے پھول برسائے گئے۔ 18 ریاستوں کے موسیقی کے آلات بھی بجائے گئے۔ نریندر مودی پوجا کا سامان لے کر مندر پہنچے تھے۔ انہوں نے رام للا کی مورتی کی آنکھوں پر بندھی پٹی ہٹائی۔ سابق صدر رام ناتھ کووند، سابق نائب صدر وینکیا نائیڈو، مکیش امبانی ، نیتا امبانی، گوتم اڈانی، امیتابھ بچن، رجنی کانت، انوپم کھیر سمیت کئی فلمی شخصیات ایودھیا میں جاری رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں۔ وہیں اس تقریب میں شریک گلوکار کیلاش کھیر نے کہا کہ ملک کے عوام میں بہت جوش و خروش ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان سے دعوت آئی ہو۔
بتاتے چلیں کہ رام مندر کے افتتاح کے لیے چھ روز سے رسومات جاری تھیں۔ مرکزی تقریب پیر کو منعقد کی گئی تھی۔
اس سے پہلے منگل سے ہی پوجاپاٹ اور دیگر رسومات کی شروعات ہوچکی تھی۔ بدھ کو کیمپس میں رام کی بچپن کی مورتی کی سیر کرائی گئی۔ اس کے بعد مورتی کو مندر میں داخل کیا گیا۔ جمعرات کو تیرتھ پوجا، جل یاترا، جلا دیوس اور گندھا دیوس کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس میں مورتی کو پانی سے نہلایا گیا۔ شام کو مورتی کو خوشبودار مادے کا لیپ لگایا گیا۔ اس کے بعد مورتی کو مندر کے گر بھ میں بٹھایا گیا۔جمعہ کی صبح آشا دهیواس، کیسر ادھیو اس اور گریٹا دھیواس نامی رسومات ادا کی گئیں۔ اسی دن شام کو دھنیا دھیوس کی تقریب اور شام کو پشپا دھیواس کی تقریب منعقد ہوئی۔ ہفتہ کی شام اور اتوار کی صبح مدھیا دھیواس کے ساتھ شام میں قیادیواس کی رسم ادا کی گئیں۔
ساوتھ فلموں کے معروف اداکار چرنجیوی کی اہلیہ سر یکھا، ادا کار رام چرن، گلوکارہ انورادھا پوڈوال، پیپل سنگر مالنی او تھی، فلم اداکار رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، مادھوری ڈکشت، ان کے شوہر رام، آیوشمان کھرانہ، وکی کوشل، کترینہ کیف، گلوکار انو ملک، فلم ڈائریکٹر راجو ہیرانی۔ روہت شیٹی کے علاوہ فلم اداکار جیکی شروف، رندیپ ہڈہ بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ افتتاحی تقریبات میں شریک تھے۔
